اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کی نو منتخب سینیٹر کیشو بائی روایتی لباس پہن کر حلف اٹھانے سینٹ پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایوان بالا سینٹ میں آج 52نو منتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر حلف لینے کے بعد نو منتخب سینیٹرز سینٹ رول پر دستخط کیلئے چیئرمین ڈائس پر جا کر رجسٹرپر سائن کرتے رہے۔ سینٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھی گئی
جب پیپلزپارٹی کی نو منتخب خاتون سینیٹرز کیشو بائی تھر کے روایتی لباس میں ملبوس ہو کر حلف اٹھانے سینٹ آئیں۔ کیشو بائی جیسے ہی حلف کے بعد سینٹ رول رجسٹر پر سائن کیلئے اپنی نشست سے اٹھیں تو پورے ہال نے ان کیلئے ڈیسک اور تالیاں بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ حلف کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیشو بائی کا کہنا تھا کہ ان کی کمیونٹی محرومی کا شکار ہے اور وہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں سینٹ امیدوار کے طور پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔ سینٹ میں وہ اپنے علاقے اور محروم عوام کیلئے آواز بلند کریں گی۔