اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سکولوں میں منعقد کی جانیوالی تقریبات میں بچوں سے ڈانس کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ نجی ٹی وی سٹی فورٹی ٹو کی رپورٹ کے مطابق سکولوں میں منعقد کی جانیوالی تقریبات میں بچوں سے ڈانس کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، پابندی کا اطلاق تقسیم انعامات، پیرنٹس ڈے، ٹیچرز ڈے، مینا بازار اور دیگر تمام تقریبات پر ہو گا۔ سکولوں میں بچوں سے ڈانس کروانے
پر پابندی محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے جاری کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ایک جیسا ہو گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں سکول کا لائسنس کینسل کر دیا جائے گا جبکہ سرکاری سکول کے سربراہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کو بچوں سے پاکستانی و انڈین گانوں پر ڈانس کرانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر ایکشن لیتے ہوئے محکمہ تعلیم پنجاب نے فوری طور پر صوبے بھر کے تمام سکولوں کو احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ سی ای او محکمہ ایجوکیشن زاہد بشیر نے تمام ای ڈی اوز کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں سکولوں کا دورہ کر کے جاری احکامات پر عملدرآمد کرائیں اور خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کی رپورٹ فوری طور پر محکمے کو ارسال کریں۔واضح رہے کہ پنجاب کے سرکاری و نجی سکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں پر مختلف تقریبات میں ٹیبلو اور ڈراموں کے نام پر انڈین گانوں پر ڈانس اور ڈائیلاگ بلوائے جاتے تھے جس پر والدین نے سکولوں کی انتظامیہ سے احتجاج بھی کیا تاہم اس پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ والدین کے شدید احتجاج کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت کے محکمہ ایجوکیشن کو بھی ہوش آگیا اور اس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔