بدھ‬‮ ، 25 دسمبر‬‮ 2024 

عمران جھوٹوں کا آ ئی جی ، زرداری قومی دولت لوٹنے والا لٹیراہے،اگلے انتخابات کے بعد پشاور ، کراچی ، کوئٹہ میں کیا کرینگے؟شہبازشریف نے بڑا اعلان کردیا

datetime 7  فروری‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ملتان کا دورہ کیا اورساڑھے 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیر اعلی نے ملتان پہنچنے پر پہلے گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلی نے ملتان میں چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے نئے بلاک کا افتتاح کیا۔ منصوبے کے تحت چلڈرن ہسپتال میں 150 بستروں کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیر اعلی نے نشتر ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ برن یونٹ اورریجنل بلڈ سنٹرکا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف امراض گردہ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری اورمیڈیسن کے ویئر ہاؤس اور کولڈ چین سٹور کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعلی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے افتتاح کے بعد ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ، وہ مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی عیادت کی اورہسپتال میں مہیا کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاکہ معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے وسائل دیئے گئے ہیں اورملتان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ صحت کی سہولتوں کی بہتری میرا مشن ہے اور میں اس مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ وزیر اعلی نے چلڈرن ہسپتال ملتان کے افتتاح کے بعد مختلف شعبوں کا دورہ کیا، وہ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے اور آپریشن تھیٹرز کا دورہ کیا ۔ ہسپتال میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔اس مو قع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ بچے ہمارے آنگن کے پھول ہیں، ان کی صحت کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔ چلڈرن ہسپتال میں 150 بستروں کے اضافے سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے بچوں کے علاج معالجے کے لئے دوسرے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔

ملتان کے چلڈرن ہسپتال میں لاہور کے چلڈرن ہسپتال جیسی طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔بچوں کے علاج معالجے کے لئے جدید ترین مشینری اور آلات نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور ہم نے وسائل کو اپنے پاؤں کی زنجیر نہیں بننے دیا۔ وسائل دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے نچھاور کئے ہیں، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ وزیراعلی نے چلڈرن ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آ نے والے ہر مریض بچے کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیاجائے۔وزیراعلی نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں کی ماؤں سے طبی سہولتو ں کے بارے میں درفت کیا ،زیر علاج بچوں کے تیمارداروں نے ہسپتال میں طبی سہولتوں پر ا ظہار اطمینان کیا ۔وزیر اعلی نے برن یونٹ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ برن یونٹ کے قیام سے مریضوں کو علاج معالجے کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں میسر آئیں گی۔ برن یونٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے ہم نے پورا کیا ہے۔ پنجاب حکومت بڑے شہروں میں سٹیٹ آف دی آرٹ برن یونٹ قائم کر رہی ہے۔

وزیر اعلی نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف امراض گردہ کے افتتاح کے بعد مختلف وارڈزاور شعبوں کا دورہ بھی کیااور کہاکہ ملتان انسٹی ٹیوٹ آف امراض گردہ میں جنوبی پنجاب کے شہریوں کو علاج کی جدید ترین سہولتیں میسر ہوں گی۔ سٹیٹ آف دی آرٹ لیب کے افتتاح کے بعد لیب کا دورہ کیا اور لیب میں مہیا کی جانے والی ادویات کے نمونے کی چیکنگ کے معیار کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ اس لیب کا قیام غیر معیاری ادویات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔معیاری ادویات ہر شہری کا حق ہے ، ہم نے یہ حق ہر صورت اسے دینا ہے ۔وزیراعلیٰ نے بلڈ سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد اس کے مختلف حصے دیکھے۔

وزیراعلیٰ نے کولڈچین سٹور کابھی افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلی نے صحت کے متعدد منصوبوں کے افتتاح کے بعد کڈنی سنٹر ملتان میں ایک اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے ملتان میں ساڑھے 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت کے منصوبوں کا افتتاح کیاہے اور میں ان منصوبوں کی تکمیل پر علاقہ کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ،سٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن اور کڈنی ہسپتالوں کے علاوہ سٹیٹ آ ف دی آرٹ برن یونٹ کا بھی افتتاح کیاہے ۔میں نے آج ملتان میں پاکستان کی شاندار ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا بھی افتتاح کیا ہے اور اس لیب کے عملے کو ترکی سے تربیت دلائی گئی ہے۔

ادویات کی خریداری ، ترسیل ، تقسیم کا جو نظام ہم نے ڈیڑھ سال قبل متعار ف کرایا تھا اس کے تحت بننے والے سنٹر اور ویئر ہاؤس کا بھی افتتاح کیا ہے،صحت کے ان منصوبوں کی تکمیل پر مجھے آج بے حد خوشی ہے۔انہوں نے کہاکہ کڈنی سنٹر میں ڈائیلسز کی 40مشینیں موجود ہیں جو سب کی سب مصروف ہیں تاہم میں یہاں 100مزید ڈائیلسز مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ یہ مشینیں فوری طور پر خریدی جائیں اگر پاکستان میں دستیاب نہیں تو میں یہ مشینیں ہوائی جہاز سے منگواؤں گا تاکہ سٹیٹ آف دی آرٹ بنائے گئے اس ہسپتال سے دکھی انسانیت کو بھرپور فائدہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری موجود ہے ، ادویات بھی ہیں ،ڈاکٹرز بھی ہیں، اگر اس میں کسی چیز کی کمی ہے تو و ہ دل کے سرجنز کی ہے،میں انتظامیہ سے کہتا ہوں کہ بچوں کے دل کی سرجری کے لئے ماہر ڈاکٹرز فی الفور ہسپتال میں لائے جائیں ۔میں دوہفتے کا وقت دیتاہوں او راگر آپ دل کے سرجنز نہ لا سکے تو تیسرے ہفتے میں خود لے آؤں گا۔انہوں نے کہاکہ بچوں کے دل کی سرجری کے لئے جہاں سے بھی ہارٹ سرجنز ملیں انہیں یہاں لے کر آئیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ بنایا ہے اور یہاں دنیا بھر سے بہترین ڈاکٹرز لائے گئے ہیں۔

اسی ماڈ ل کو سامنے رکھتے ہوئے ملتان کے ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز لائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ملتان کے کڈنی سنٹر کے لئے امریکہ ، یورپ ، مشرق وسطی او رجہاں سے بھی ڈاکٹر ملیں لے کر آئیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اربوں روپے کی لا گت سے یہ منصوبے دکھی ا نسانیت کی خدمت کے لئے لگائے ہیں اور ان کے ثمرات بھی انہیں ہر صورت ملنے چاہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیاہے ۔پنجاب کے ہر ضلعی ہسپتال میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جا رہی ہے جو 24گھنٹے چلیں گی۔اب وہ زمانہ چلا گیا کہ کوئی مریض کا سی ٹی سکین کرنے سے یہ کہہ کر انکار کر دے کہ ہسپتال کی مشین خراب ہے۔

ہم ایک ایسا نظام لائے ہیں جس کے تحت جو کمپنی مشین لگائے گی وہی سی ٹی سکین مشین کو چلانے کی ذمہ دار ہوگی۔اب کوئی مریض سے یہ نہیں کہہ گا کہ سی ٹی سکین باہر سے کروا کے لائیں جو غریب مریضوں کی جیبوں سے ہزاروں روپے نکلواتے تھے ہم نے اس فرسودہ نظام کو دفن کر دیاہے ۔اب یہ سی ٹی سکین مشینیں 24گھنٹے مریضوں کو مفت سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کریں گی۔وزیراعلی نے کہا کہ میں ملتان میں صحت کے منصوبوں کی تکمیل پر صوبائی وزراء صحت ، سیکرٹریز صحت اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے ان منصوبوں پر وسائل نہایت شفاف انداز سے لگائے ہیں۔

وزیراعلی نے کہاکہ اگر اللہ تعالی نے ہمیں دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو سی ٹی سکین ،موبائل ہیلتھ یونٹس اور دیگر منصوبے پنجاب کی طرح آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے تمام صوبوں میں لگائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن سے قبل ملتان میں نشتر ہسپتال 2 کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیں گے اور اگر ہمیں دوبارہ موقع ملا تو اس ہسپتال کو ایک سال کے اندر مکمل کریں گے اور اسے دنیا کا بہترین ہسپتال بنائیں گے ۔وزیراعلی نے کہاکہ چند سال قبل بجلی نہ ہونے کے باعث ملک میں ہر طرف اندھیرے چھائے ہوئے تھے ، شہروں میں 12گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں 20، 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی۔

محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک بھر میں ہزاروں میگا واٹ کے توانائی کے منصوبے مکمل کئے ہیں جن کی بدولت ملک سے بجلی کے ا ندھیرے چھٹ گئے ہیں ۔پنجاب حکومت حویلی بہادر شاہ میں اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر ساڑھے 1200میگا واٹ کا ا یک او رمنصوبہ لگا رہی ہے اور اس منصوبے پر دن رات کام کیا جا رہاہے۔توانائی کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے لگائے گئے منصوبے شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں او رمیں دعوت دیتا ہوں کہ ان منصوبوں کو با ربار دیکھیں آ پ کو انشاء اللہ ان میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن نظر نہیں آئے گی بلکہ ہم نے ان منصوبوں میں 100ارب روپے سے زیادہ کی بچت کی ہے۔

توانائی منصوبوں کی تکمیل کا ثمر ہے کہ آج پاکستان روشن ہے ، اس کی زراعت ، صنعت فروغ پا رہی ہے اگر توانائی کے منصوبے مکمل نہ ہوتے تو شاید ملتان ،پنجاب او رپاکستان آج بھی اندھیروں میں ڈوبا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ایک ایسے پاکستان کے حصول کے لئے قربانیاں دی تھی جہاں انصاف کا بول بالا ہو ، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو او رسب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں ۔70 سال بعد آج ملک قائد ؒ و ا قبالؒ کے خواب کے مطابق رفاعی مملکت بننے کی جانب بڑھ رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ حکومت پنجاب کا ایک ا یسا انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت پونے 3لا کھ وسائل سے محروم ہونہار بچے او ربچیاں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہے ہیں۔

ہزاروں نوجوان اس پروگرام سے استفادہ کر کے انجینئر ز ، ڈاکٹرز ، بینکرز ، اساتذہ او رماہرین بن کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ اس پروگرام کی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں آزاد کشمیر سمیت پاکستان کی تمام ا کائیوں کے بچو ں کو شامل کیا گیاہے کیونکہ پنجاب ، سندھ، خیبرپختونخوا،ّ بلوچستان اور آزاد کشمیر سے ملکر پاکستان بنتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب کی زبان درازی پر افسوس ہے ،انہوں نے غریب قوم کی دولت لوٹی ، اب وہ کہہ رہے ہیں کہ میں لوٹی ہوئی دولت واپس لاؤں گا ۔زرداری صاحب اسی میں آپ کی خیریت ہے کہ آپ اس قوم کی لوٹی ہوئی دولت خود واپس لے آئیں ورنہ ہم اسے واپس لائیں گے۔

دوسری جانب خان صاحب ہیں جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں، الزام تراشی کرتے ہیں اور لغوزبان استعمال کرتے ہیں۔پشاور میں ڈینگی آتا ہے تو یہ خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ جاتے ہیں۔خان صاحب نے ساڑھے 4سالوں میں دھرنے دئیے ، لاک ڈاؤن کئے ، جلوس نکالے اور جلسے کئے ہیں۔ جھوٹوں کے آئی جی عمران نیازی کہتے تھے کہ میں وسائل میٹروبس جیسے منصوبوں پر ضائع نہیں کروں گا بلکہ تعلیمی ادارے اور ہسپتال بناؤں گا ۔انہوں نے کے پی کے میں نہ تو کوئی ہسپتال بنایا اور نہ ہی کوئی تعلیمی ادارہ بلکہ ساڑھے 4سال بعد میٹروبس کے لئے پشاور کے شہر کی صرف کھدائی کی ہے۔

اسی خان صاحب نے کہا تھا کہ میں کے پی کے اور پاکستان کے لئے بجلی پیدا کروں گا لیکن انہوں نے آج تک ایک کلو واٹ بجلی پیدا نہیں کی۔انہوں نے کہاکہ خان صاحب نے اورنج لائن ٹرین جیسے فلاحی منصوبے کو روکنے کے لئے عدالتوں میں درخواستیں دیں۔ سپریم کورٹ نے اس فلاحی منصوبے پر ہمیں کام کرنے کی اجازت دی اور اب اس منصوبے پر تیزی رفتاری سے کام ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر اللہ تعالی او رعوام نے دوبارہ موقع دیا تو ہم پشاور ، کراچی ، کوئٹہ میں بھی اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی بد قسمتی سے ماس ٹرانزٹ کے منصوبے کے لئے صرف کھدائی ہی ہوئی ہے ،

ان منصوبوں کو ا نشاء اللہ ہم ہی مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میری عوام سے گزارش ہے کہ جھوٹوں کے آئی جی عمران خان او رملک کی دولت لوٹنے وا لے لٹیرے زرداری کو ووٹ نہ دینا کیونکہ ان لوگوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور صرف عوام کا وقت برباد کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی سے صحت کارڈ جیسے عظیم فلاحی منصوبے کی بھی مخالفت کی او راسے کے پی کے میں شروع نہیں کیا۔ہمیں موقع ملا تو یہ سب منصوبے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ پاکستان کے عوام با شعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کس جماعت نے دن رات عوام کی خدمت کی ہے اور ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔2018ء کے انتخابات میں عوام پاکستان مسلم لیگ( ن) کو کا میاب کرائیں گے اور ہم اگلے پانچ سالوں میں پاکستان میں ترقی او رخوشحالی کا انقلاب برپا کر دیں گے۔ وفاقی وزیر جاوید علی شاہ، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، نغمہ مشتاق لانگ ،میئر ملتان وحید آرائیں ، چیئرمین ضلع کونسل ملتان دیوان بخاری،اراکین قومی صوبائی ا سمبلی ، چیئرمین انڈس ٹرسٹ میاں محمد احسن، سی ای او ڈاکٹر عبدالبار ی اور پنجاب کے اعلی حکام کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…