گجرات/گوجرانوالہ/منڈی بہائو الدین(این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گجرات، منڈی بہائوالدین اور گوجرانوالہ میں کارروائی کرکے غیر قانونی طریقے سے لوگوں کو لیبیا بھیجنے والے ملزم سمیت متعدد انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے مفخر عدیل کے مطابق مرکزی ملزم محبوب شاہ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔محبوب شاہ دربار بابا فقیر شاہ کا گدی نشین ہے
جس نے واقعے میں جاں بحق افراد کو لیبیا بھجوایا تھا۔ایف آئی اے افسر نے بتایا کہ محبوب شاہ کا بھائی لیبیا اور بیٹا اٹلی میں مقیم ہے، ملزم ان دونوں کے ساتھ مل کر انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محبوب شاہ لوگوں کو دبئی کے راستے لیبیا بھیجتا اور لیبیا سے سمندر کے راستے اٹلی پہنچایا جاتا تھا۔ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق دیگر ملزمان میں نثار احمد، صفدر، کامران اور اسلم شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے شہریوں کو یورپ بھجواتے تھے۔خیال رہے کہ دو روز قبل لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں متعدد پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔واقعہ کے بعد پنجاب میں انسانی اسمگلروں کی تلاش پھر سے شروع کردی گئی ہے۔گجرات سے تعلق رکھنے والے اسماعیل بہتر روزگار اور اچھے مستقبل کی تلاش میں اپنی بیوی عظمت بی بی، بیٹا 5سالہ سعد اور ڈیڑھ ماہ کی بیٹی کے ساتھ یورپ کے سفر کیلئے نکلے تھے تاہم یہ غیر قانونی تھا۔تحصیل جلال پور جٹاں کے لقمان علی اور حمزہ ڈنگہ شہر کے کامران اقبال اور کھاریاں کے ذبیح اللہ بھی اس سفر میں شامل تھے۔منڈی بہائوالدین کے محمد قاسم بیگ، اکرام الحق، محمد فرحان اور محمد تنزیل بھی بہتر مستقبل کی خاطر اس کشتی میں سوار ہوئے تھے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایف آئی اے حکام نے گجرات اور منڈی بہاوالدین میں مرنے والوں کے ورثاء سے ملاقات کی۔