اسلام آباد (این این آئی)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی افواج تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبے حریت کو کچل نہ سکی۔ حریت پسند کشمیری اپنے کاز کے ساتھ دل وجان سے جوڑے ہوئے ہیں اور حق خود ارادیت کے لئے اقوام عالم کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مشال ملک نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہی ہے اور بھارتی ظلم و بربریت کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیر کو قبرستان بنا لیا ہے جہاں ہماری ساری قیادت نظربند ہے ٗ پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا جا چکا ہے اور ہمارے شہداء کی لاشیں تک ہمیں نہیں دی جاتیں۔مشال ملک نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بد تر سلوک کر رہی ہے ٗمقبوضہ کشمیر کا ہر بچہ نفسیاتی اور جسمانی تشدد کا شکار ہے ۔ اس موقع پر مشال کی قیادت میں چائنہ چوک سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی اور ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔