اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں وزیر اعظم تمام قوانین سے بالا تر ہو، وزیر اعظم کچھ بھی کرے لیکن اس سے کوئی بھی سوال نہ کرسکے، نواز شریف نے حسبِ توقع خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے جھوٹ پر جھوٹ بولا،خیبر پختونخوا میں 350 مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز مکمل ہوچکے ہیں ، بون چیلنج نے بلین ٹری سونامی پر خیبر پختونخوا حکومت کی تعریف کی،نواز شریف کی طرف سے اس بات سے طوطا چشمی شرمناک ہے۔
پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جمہوریت کی تعریف کے مطابق وزیر اعظم تمام اداروں کی تذلیل کرسکتا ہے، پارٹی کے غنڈوں کے ہمراہ سپریم کورٹ پر حملہ کرسکتا ہے اور ججز کو پیسوں سے بھرے ہوئے بریف کیس بھی دے سکتا ہے۔ وہ یہ سب کچھ ہر قانون سے بالاتر ہو کر کرسکتا ہے اور اس بارے میں اس سے کوئی کچھ نہیں پوچھ سکتا کیونکہ وزیر اعظم تو ملکی قوانین سے بالاتر ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے حسبِ توقع خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے جھوٹ پر جھوٹ بولا۔ حقیقت یہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں 350 مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز مکمل ہوچکے ہیں ، نواز شریف اس کی حقیقت اپنے بندے بھیج کر بھی معلوم کرواسکتے تھے لیکن پولیس، صحت اور تعلیم کے شعبے میں ہونے والی ریفارمز کے حوالے سے انہوں نے جھوٹ سے کام چلایا کیونکہ وہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے ساتھ یہی بات کرنا چاہتے تھے۔کپتان نے کہا کہ جہاں تک بلین ٹری سونامی کی بات ہے تو کوئی نواز شریف کی آنکھوں پر بندھی پٹی کھولے اور انہیں بتائے کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اس پروگرام کا آڈٹ کیا ہے۔ بون چیلنج نے بلین ٹری سونامی پر خیبر پختونخوا حکومت کی تعریف کی ہے ، آئی یو سی این نے بھی اس کامیابی کو تسلیم کیا ہے۔ نواز شریف کی طرف سے اس بات سے طوطا چشمی شرمناک ہے۔