اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے این ایچ اے کی طرف سے لاہور سے کراچی موٹر وے کے ٹھیکے میں مبینہ بدعنوانی ‘ غیر شفافیت اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور مہنگے داموں دینے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ قوم کے سرمایہ کار جائز استعمال رکھنا نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ قومی سرمایہ کے ضیاع اور
بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کاوشیں کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا اور جو بھی افراد مبینہ بدعنوانی ‘ غیر شفافیت ‘ قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی اور مہنگے داموں لاہور سے کراچی موٹر وے کا ٹھیکہ دینے کے ذمہ داران ہیں ان کی نہ صرف نشاندہی کی جائے گی بلکہ قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے تاہم منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر نیب کی وجہ سے نہ ہو۔