اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر سندھ میز ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی لاشیں آج کراچی ڈیفنس کے علاقے میں واقع گھر سے برآمد کر لی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ انور سیال سمیت اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ پیپلزپارٹی کیلئے یہ خبر اچانک اور کسی سانحہ سے کم نہ تھی۔ پیپلزپارٹی نے میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ
فریحہ رزاق کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ اس دوران پارٹی کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز میر ہزار خان بجارانی کو آخری بار کابینہ کی میٹنگ میں دیکھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ میر ہزار خان بجارانی زندگی سے پیار کرنے والے انسان تھے وہ خودکشی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ منظور وسان نے میر ہزار خان بجارانی کی خودکشی کو بعید از قیاس قرار دیتےہوئے ان کو قتل کئے جانے کے حوالے سے شکوک کا اظہار کیا ہے۔