اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائن پر ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آ سکتا ہے، پشاور سے لے کر کراچی، کوئٹہ تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، پاکستان زلزلوں کے اعتبار سے دنیا میں پانچواں حساس ترین ملک ہے،
رپورٹ کے مطابق پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر واقع ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے، یوریشین پلیٹ کے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کا آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں برس سے چل رہا ہے۔ پاکستان کے دو تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں اس وجہ سے یہاں کم یا درمیانی درجے کے زلزلے وقفے وقفے سے آتے رہتے ہیں، اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان انڈین پلیٹ کی آخری شمالی سرحد پر واقع ہیں اسی وجہ سے پاکستان کے یہ علاقے حساس ترین شمار کیے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور جہلم جیسے شہر زون تھری میں آتے ہیں۔ چمن، لورالائی، مستونگ اور کوئٹہ زیرِ زمین انڈین پلیٹ کے مغربی کنارے پر آتے ہیں، اس لیے یہ علاقے بھی ہائی رسک زون یا زون فور کہلائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی سمیت سندھ کے کئی ساحلی علاقے خطرناک فالٹ لائن زون کی پٹی پر موجود ہیں۔ یہ ساحلی علاقہ 3 پلیٹس کے جنکشن پر واقع ہے جس کی وجہ سے زلزلے اور سونامی کا خطرہ موجود ہے۔ اس بارے میں ماہرین نے بتایا کہ وسطی پنجاب اور بالائی سندھ کے علاقے فالٹ لائن پر نہیں ہیں، اسی وجہ سے ان علاقوں کو زلزلے کے خطرے سے زیادہ محفوظ مانا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائن پر ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آ سکتا ہے، پشاور سے لے کر کراچی، کوئٹہ تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں