اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے گزشتہ روز دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سات سالہ زینب کے قاتل عمران کا تعلق بین الاقوامی گروہ سے ہے جس کے جواب میں سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ حساس عسکری اداروں نے تصدیق کی ہے کہ ملزم عمران کا تعلق کسی بین الاقوامی مافیا سے نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ ملزم کو پاکستان کی اہم سیاسی و غیر سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے، ایک نجی ٹی وی چینل پر بات چیت کرتے ہوئے اس
معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ میری رائے میں ڈاکٹر شاہد مسعود کے دعوے درست نہیں ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ عسکری خفیہ ادارے زینب قتل کیس کی تحقیقات میں شامل تھے، سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ اس حوالے سے عسکری خفیہ اداروں نے کوئی رپورٹ نہیں دی ہے جس میں کہا گیا ہو کہ ملزم عمران کسی مافیا کا حصہ ہے اگر ایسا ہوتا تو خفیہ عسکری ادارے اس کے بارے میں ضرور بتاتے، انہوں نے مزید کہا کہ خفیہ عسکری اداروں نے ملزم عمران سے مکمل تحقیقات کی ہیں۔