اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سٹیج ایک، قائدین الگ الگ اوقات میں خطاب کرینگے، زرداری اور عمران خان کی تقریر اہم ہو گی، کپتان طاہر القادری کے ساتھ تو ہونگے مگر کسی الگ تحریک کا اعلان بھی کر سکتے ہیں،
احتجاج کے شرکا پر تشدد ہوا تو ایف آئی آر حکمرانوں پر ہی کٹے گی، پنجاب پولیس اور بیوروکریسی بددل ہو چکے انہیں خدشہ ہے کہ ہم سے غلط کام یا گولیاں چلوا کرخود باہر بھاگ جائیںاور ہمیں پھنسوا دیا جائے، ڈاکٹر شاہد مسعود کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے آج مال روڈ پر طاہر القادری کی سربراہی میں ہونے والے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کا سٹیج ایک ہو گا مگر قائدین شرکا سے الگ الگ اوقات میں خطاب کرینگے، زرداری اور عمران کی تقریر اہم ہو گی اور یہ دونوں کا امتحان بھی ہو گا کیونکہ یہ وقت خود کو اصل اپوزیشن ثابت کرنے کاہے۔ شاہد مسعود نے امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سانحہ ماڈل ٹائون میں تو طاہر القادری کے ساتھ ہیں مگر کسی الگ تحریک کا اعلان بھی کر سکتےہیں۔ ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ احتجاج کے شرکا پر تشدد کی صورت میں ایف آئی آر حکمرانوں پر ہی کٹے گی، پنجاب پولیس اور بیوروکریسی میں بددلی پھیل چکی ہے ان کو خدشہ ہے کہ ان سے غلط کام یا گولیاں چلوا کر یہ لوگ خود باہر بھاگ جائیں گے اور ہمیں پھنسوا نہ دیا جائے۔