پشاور (آئی این پی ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پشاور ریپڈ بس میں کرپشن الزامات لگانے والے اورنج ٹرین کی خیرمنائیں،شہبازشریف کے صاحبزادے نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے جو الزامات لگائے وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، پشاور ہائی کورٹ نے
اپنے فیصلے میں منصوبے کو مکمل طور پر قانونی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی کے پی پرویز خٹک نے سلیمان شہباز کے ٹویٹ پر رد عمل اور بس ریپیڈ ٹرانزٹ پشاور منصوبے پر کرپشن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی ایک شفاف ترین منصوبہ ہے جس کے عمل کو پشاور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مکمل طور پر قانونی قرار دیا ہے، شہبازشریف کے صاحبزادے نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے جو الزامات لگائے وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔پرویز خٹک نے کہا ہم پر کرپشن کے الزامات لگانے والے خود قومی وسائل کی بے دریغ لوٹ مار میں ملوث ہیں، پنجاب میں میٹرو منصوبوں میں بہت سی چیزوں کو پسِ پردہ رکھا گیا ہے جو کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم نے پنجاب کی طرح منصوبے کی مالی ضروریات کے لئے سماجی شعبے کی ترقی کو قربان نہیں کیا جب کہ اور بی آر ٹی کے ٹھیکا لینے والی مقبول کولسن نے اسلام آباد میٹرو اور ملتان میٹرو کا کام بھی کیا ہے یہ بلیک لسٹ نہی، الزامات لگانے والے اورنج ٹرین، اسلام آباد، ملتان اور لاہور میٹرو کی خیرمنائیں۔