اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے قومی اسمبلی کے رکن کیپٹن (ریٹائرڈ)صفدر کیخلاف 3 ارب روپے کے ٹھیکے اپنے من پسند ٹھیکداروں کو قانون اور قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دینے اور بعد ازاں 3 ارب روپے کے ٹھیکوں میں مبینہ طور پر 2 ارب روپے جعلی اسکیموں کے ذریعے خوردبرد کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے درخواست کی مکمل
جانچ پڑتال کا نیب خیبر پختونخوا کو حکم دیا ہے ۔چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کی جانچ پڑتال شفاف ، میرٹ اور قانون کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل کی جائے تاکہ مبینہ رقوم کی خورد برد کے تمام ذمہ داروں سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائی جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔