اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ چین نے کسی بھی منصوبے کا فنڈ روکنے کا نہیں بلکہ سی پیک کی فنڈنگ کا طریقہ کار تبدیل کیا ہے، تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس چیئرمین محمد مزمل قریشی کی زیرِصدارت ہوا، اجلاس میں چین کی جانب سے سی پیک کے تحت منصوبون کے فنڈز روکنے سے متعلق خبروں کے معاملے پر بات چیت
کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی مزمل قریشی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے پوچھا کہ چین کی طرف سے 3 منصوبوں کے فنڈز روکنے کی خبریںِ گردش کر رہی ہیں چین نے اگر منصوبوں کے لیے درکار فنڈز روکے ہیں تو اس کی کیا وجوہات ہیں۔ اس موقع پر این ایچ اے حکام نے کہا کہ چین نے کسی منصوبے کے لیے درکار فنڈز نہیں روکے اور نہ ہی وہ کسی منصوبے سے پیچھے ہٹا ہے بلکہ چین نے صرف فنڈنگ کا طریقہ کار تبدیل کیا ہے۔