اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سال کا آغاز پاکستان میں کولڈ ویو سے ہو گا اور گلگت سے کراچی تک یخ بستہ ہوائیں تمام علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم31دسمبر 2017کو موسم سرد اور خشک رہا ٗ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ، رات سردرہی ٗ بارشیں معمول سے کم ہونے
کے باعث میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہا۔ چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر حنیف نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز سے ہی کولڈ ویو ملک کے زیادہ تر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گی اور یخ بستہ ہوائیں ملک کے طول و عرض میں چلیں گی۔ڈاکٹر حنیف کے مطابق کولڈ ویو کا زیادہ فوکس بلوچستان میں رہے گا جہاں آئندہ دو روز بعد کوئٹہ سمیت صوبے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائیگا۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی سمیت سندھ کی ساحلی
پٹی اور تمام میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا اور ملکی بالائی علاقے بھی کولڈ ویو کے زیر اثر آئیں گے۔محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا کہ موسم سرما کی اچھی بارشیں اور برف باری کا فی الحال امکان نہیں ٗجنوری میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی، بارشیں کم ہونے سے کولڈ ویو اور دھند بنتی ہے، مزید ایک ہفتے تک میدانی اور کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسم خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 8 سے 10 روز بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بارانی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔