اسلام آباد (اے این این ) الیکشن کمیشن آف پاکستان آئندہ ماہ سے اپنی انتخابی فہرستوں میں 73 لاکھ 60 ہزار نئے رائے دہندگان کو شامل کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس کے بعد رائے دہندگان کی مجموعی تعداد 10 کروڑ 4 لاکھ کی بھاری تعداد تک پہنچ جائے گی جنہیں آئندہ برس انتخابی عمل میں حصہ لینے کا حق حاصل ہوگا۔الیکشن کمیشن 15 جنوری سے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل شروع کرے گا اور اس کے بعد
قومی شناختی کارڈ کے حامل 73 لاکھ 60 ہزار افراد کو اس فہرست میں شامل جبکہ 9 لاکھ 23 ہزار انتقال کر جانے والے ووٹرز کا نام نکال دیا جائے گا۔ان میں سے 6لاکھ 34 ہزار (68.62 فیصد) مرد اور 2لاکھ 89 ہزار (31.37 فیصد) خواتین شامل ہیں۔ اس مشق کے بعد ہر ضلع میں عوام کے مشاہدے کے لئے انتخابی فہرستیں آویزاں
کی جائیں گی اور اگر ضرورت ہو ئی تو ووٹ کی منتقلی یا درستی کے لئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔جن نئے رائے دہندگان کا نام انتخابی فہرستوں میں شامل کیا جائے گا ان میں 40 لاکھ 72 ہزار مرد اور 32 لاکھ 87ہزار خواتین شامل ہیں۔