اسلام آباد،لاہور(اے این این)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج سہ پہر تین بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے ۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے آج جمعہ کو سہ پہر 3بجے اہم پریس کانفرنس طلب کر لی ہے جس میں اسحاق ڈار کے اثاثوں سے متعلق اہم ثبوت پیش کیے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ہاتھ لگنے والے ثبوت دستاویزات کی شکل میں ہیں وہ یہ اہم ثبوت عوام اور میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پانامہ کیس کے بعد تحریک انصاف نے حدیبیہ کیس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں اور اس حوالے سے بھی عمران خان صحافیوں کو بریفنگ دیں گے ۔دریں اثناء چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے ایوان اقبال میں ہونے والے پارٹی کنونشن میں بدنظمی کو نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کے سربراہ عمران خان کے ترجمان نعیم الحق ہوں گے۔
کمیٹی جائزہ لے کر بد نظمی کے ذمہ داروں کے خلاف رپورٹ مرتب کرے گی۔ ذمہ داروں کے تعین کیلئے نعیم الحق جلداز جلد کمیٹی تشکیل دیں گے۔واضح رہے کہ کنونشن کے دوران علیم خان کے حامی کارکنوں نے اپنے لیڈرکو دعوت نامہ جاری نہ کرنے پر احتجاج کیا تھا اور اس دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا تھا جس سے متعدد کارکن زخمی بھی ہو گئے تھے ۔