اسلام آباد(آن لائن)وزارت اطلاعات ونشریات نے سابق وزیرا عظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی زیر سرپرستی چلنے والے سٹرٹیجک میڈیا کمیونی کیشن سیل (ایس ایم سی سی ) کو ختم کرنے کی سمری بھجوا دی۔نجی ٹی وی کے مطابق 11 افراد پر مشتمل اس میڈیا سیل کو ختم کرنے کی سمری وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی سفارش پر سمری کے عنوان کو
ایس ایم سی سی کے خاتمہ کی جگہ ایس ایم سی سی کے فنکشن کو وزارت کے دیگر ونگز کو سونپنے سے تبدیل کیا گیا ہے۔ ایس ایم سی سی کو سابق وزیرا عظم کی ہدایت پر 2014 میں بنایا گیا تھا جس کیلئے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے بجٹ بھی مختص کیا گیا تھا اور گزشتہ سال اس سیل کے افراد کی تعداد 11 سے بڑھا کر 35 کرنے کی سفارش کی گئی تھی جسے وزارت خزانہ نے بجٹ نہ ہونے کے باعث مسترد کردیا تھا۔