اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جاسوس کلبھوشن کی بیوی نے موٹے سول والے جوتے پہن رکھے تھے جنہیں چیک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شبہ ہے کہ بھارتی جاسوس کی بیوی کے جوتے میں کوئی چیز چھپائی گئی تھی اور اس کی تصدیق کیلئے جوتے لیب بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن کی بیوی کے جوتے ملاقات سے قبل تبدیل کرائے گئے۔
دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق کلبھوشن یادیو کی بیوی چیتنکاوی یادیو اپنے شوہر سے ملنے کے لیے دفتر خارجہ میں آئی تو اس کا جوتا معمول سے زیادہ وزنی اور بڑا تھا، شک گزرنے پر سکیورٹی حکام نے بھارتی جاسوس کی اہلیہ کا جوتا اس سے اتروا لیا۔ گزشتہ روز بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات دفتر خارجہ میں کرائی گئی،سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ملاقات سے قبل دونوں کے کپڑے تبدیل کرائے گئے جبکہ ان کا میک اپ بھی اتروا دیا گیا، مگر اس ملاقات کے دوران دفتر خارجہ کے حکام کو بھارتی جاسوس کی اہلیہ کے جوتے پر شک گزرا اور اس کا جوتا اپنی تحویل میں لے لیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن کی اہلیہ کا جوتا معمول سے ہٹ کر تھا جبکہ اس میں میٹل چپ لگی ہوئی تھی جو کہ میٹل ڈیٹیکٹر سے کلیئر نہیں ہو رہی تھی، اسی وجہ سے کلبھوشن کی اہلیہ کا جوتا اتروا لیا گیا اور سکیورٹی حکام نے جوتے کو جانچنے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ کوئی ریکارڈنگ ڈیوائس تھی یا پھر کوئی کیمرہ جوتے میں نصب کیا گیا تھا۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی بیوی نے موٹے سول والے جوتے پہن رکھے تھے جنہیں چیک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شبہ ہے کہ بھارتی جاسوس کی بیوی کے جوتے میں کوئی چیز چھپائی گئی تھی اور اس کی تصدیق کیلئے جوتے لیب بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔