اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسحاق ڈار کے خلاف نیب کو کارروائی روکنے کا حکم، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریفرنسز میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دئیے جانے کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب کو 17جنوری تک کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنسز میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری
اور اشتہاری قرار دئیے جانے کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کردیاہے۔ا سحاق ڈار نے اپنے وکیل کے ذریعے نیب ریفرنسز میں وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دئے جانے کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیونکہ ان کے موکل اسحاق ڈار لندن میں زیر علاج ہیںجن کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے مگر اس کے باوجود کارروائی جاری ہے اور ان کی غیر موجودگی میں شہادتیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں لہٰذا عدالت اس عمل کو روکتے ہوئے نیب کو احکامات جاری کرے جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو اسحاق ڈار کے خلاف17جنوری تک کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئےریفرنسز میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دئیے جانے کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کردیاہے ۔واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس وقت علاج کے سلسلے میں لندن میں مقیم ہیں جبکہ چند دن قبل ان کے علاج کے سلسلے میں لندن سے امریکہ جانے کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان نہیں آسکیں گے۔