اوکاڑہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتظار کررہاہوں کہ نواز شریف تحریک کا آغاز کریں ،جیسے ہی آپ میدان میں آئیں گے دوسری طرف میں بھی آپ کا مقابلہ کروں گا،ہر کرپٹ سیاستدان نواز شریف کے ساتھ ہے ،امپائرز کوبھی بلالواس کے باوجود نوازشریف کوشکست دیں گے، شہبازشریف تمہارا ڈرامہ ختم ہوچکا، لوگ تمہیں سمجھ چکے ہیں،ہم شہبازشریف کیخلاف نیب میں جائیں گے انکے خلاف نئی چیزیں آئی ہیں
خواجہ سعد رفیق سے بھی پوچھوں گا تمہارے پرائزبانڈکیسے نکلتے تھے؟خواجہ آصف سے بھی15 لاکھ روپے جودبئی سے لیتے ہیں اسکا پوچھوں گا،خیبر پختونخوا میں آکر میری کرپشن پوچھی جائے اگر کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دوں گا،نواز شریف اپنے اور میرے مقدمے کا موازنہ نہیں کریں، میں کبھی حکومت میں نہیں رہا جب کہ کرپشن حکومت میں رہ کر کی جاتی ہے، میرا ایک روپیہ پاکستان سے باہرنہیں ہے میرا جینا اورمرناپاکستان میں ہے ،کیا میں نے ایک بھی فیکٹری لگائی؟ کیا بینک سے ایک روپیہ بھی قرضہ لیا؟کیا میں نے نوکریاں دلوائیں،سفارشیں کروائیں؟میں کرکٹ سے کمائی گئی رقم واپس پاکستان لایا،نوازشریف اپنی چوری بچانے کے لیے عدالت پرحملہ کررہا ہے، نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ عدلیہ کے خلاف تحریک چلائیں گیں کیا انہوں نے اس سے قبل کبھی کوئی تحریک چلائی بھی ہے ؟کیا ن لیگ نے اس وقت تحریک چلائی جب مشرف نے آپ کوجیل میں ڈالا؟آپ کے لوگ تو اس وقت تو تتر بتر ہوگئے تھے۔اتوار کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے اقلیتوں کو برابری کے حقوق دینے ہیں ، اقلیتوں نے پاکستان کی آزادی کی تحریک میں مسلمانوں کا ساتھ دیا، نوازشریف کہتا ہے کہ میں پاکستان کی عدلیہ کے خلاف تحریک چلاؤں گا ، نوازشریف کیا تم نے زندگی میں کبھی کوئی تحریک چلائی ہے ، کیا کوئی گیدڑ بھی تحریک چلا سکتا ہے ،
کیا تمہاری پارٹی نے مشرف کے خلاف تحریک چلائی تھی ، نوازشریف تمہاری طرح کے لوگ تحریک نہیں چلا سکتے ۔ عمران خان نے کہا کہ میں کبھی اقتدار میں نہیں رہا ، کرپشن تو اقتدار میں ہوتی ہے ، نوازشریف جا کر خیبرپختونخوا کے لوگوں سے پوچھو کہ کیا عمران خان نے کوئی فیکٹری لگائی ، کیا اپنے رشتہ داروں کو نوازا یا بینک آف خیبر سے کوئی قرضہ لیا ہو، میں نے کلاس فور کیلئے بھی کبھی سفارش نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف جب اقتدار میں آئے تو ان کی ایک فیکٹری تھی جبکہ اقتدار کے 12سال بعد ان کی 30فیکٹریاں تھیں ،انہوں نے 300ارب روپیہ ملک سے باہر بھیجا ، میں نے اپنی منی ٹریل دی جبکہ نوازشریف نے منی لانڈرنگ دی ، میں اپنی حلال کمائی جو کرکٹ سے کمائی تھی واپس پاکستان لے آیا،
آج میرا سب کچھ پاکستان میں ہے ، میرا جینا مرنا پاکستان کیساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف تمہاری حکومت تو پورے ملک میں ہے تم تحریک کس کے خلاف چلاؤ گے ، عدلیہ30سال تک نوازشریف کو بچاتی رہی ، ان کو جسٹس قیوم جیسی عدلیہ چاہیے ،انہوں نے جسٹس سجاد علی شاہ کے دور میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا، شہباز شریف نے کوئٹہ کے ججز کو پیسوں سے خریدار، سیف الرحمان نے جسٹس قیوم کو فوج کر کے کہا کہ بینظیر کو پانچ سال نہیں سات سال سزا دو ان کو وہ عدلیہ چاہیے جو ان کے غلط کاموں میں ان کا ساتھ دے، نوازشریف نے کسانوں کا معاشی قتل کیا ، سارا پاکستان نوازشریف سے ایک پوچھے گا کہ نوازشریف تم نے کس کے کہنے پر ختم نبوتؐ کے قانون کو چھیڑا ،
نوازشریف میں تمہارے نکلنے کا انتظار کررہا ہوں ، تم ایک طرف سے نکلو گے میں دوسری طرف سے نکلوں گا ، دیکھیں گے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں ، پاکستان کو خود مختار بنائیں گے اور لوگ باہر سے پاکستان نوکریاں کرنے آئین گے ، دو چیزوں سے ملک اٹھتا ہے ایک ادارے خودمختار اور مضبوط ہوں اور ان کی عدلیہ مضبوط ہو،جس ملک میں غریب اور طاقتور قانون کی نظر میں برابر ہو تو وہ اپنے ملک کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں ایسے ملک کو بڑی فوج کی بھی ضرورت نہیں پڑتی ، نوازشریف 300ارب روپے بچانے کیلئے عدالت پر حملے کررہا ہے ، نوازشریف قوی مجرم ہیں جبکہ شہباز شریف بہت بڑا ڈرامہ ہے ، عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف لوگ تمہاری اصلیت جان چکے ہیں تم ابھی حدیبیہ پیپرملز کیس سے بچ گئے ہو،
ہم نیب کے پاس نئے دستاویزات لیکر جائیں گے ، نیب میں شریف خاندان کے امپائر ہیں انہوں نے شہبازشریف کو بچایا ، خواجہ سعد رفیق آپ بھی احتساب کیلئے تیار ہو جائیں ، سعد رفیق پرائز بانڈ نکلنے سے کوئی امیر کیسے ہوجاتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ شہبازشریف الیکشن کے بعد نااہل ہوں تا کہ الیکشن لڑنے کا مزہ تو آئے ، چوروں کو شکست دینے کا وقت آگیا ہے ، موٹو گینگ شریف خاندان کو بچانے کیلئے نکلا ہے ، نوازشریف خود شہباز شریف سے خوفزدہ ہیں ، شاہد خاقان عباسی آپ بھی کرپٹ ہو، آپ وزیراعظم ہو یا شریف خاندان کے درباری (ن) لیگ اگر اتنی ہی مقبول ہے تو یہ الیکشن کیوں نہیں کرادیتے ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ، آج سے پچاس سال پہلے پاکستان برصغیر میں سب سے تیزی سے ترقی کررہا تھا ،
ہمارے نبی کریم ؐ محنت کش کو پسند کرتے تھے ، میں پنجاب پولیس کو ایسا بنا ؤں گا کہ لوگ ان سے محبت کریں گے ، اسحاق ڈار کے دونوں بیٹھے اربوں پتی جبکہ نوازشریف اور شہباز شریف کے بچے بھی اربوں پی ، لوگ عوام کا پیسہ چوری کر کے ارب پتی بنے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب جہانگیر ترین کو نااہل کیا گیا تو انہوں نے یہ نہیں کہا کہ مجھے کیوں نکالا ، آج ساری پارٹی جہانگیر ترین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ، شیخ رشید نے کہا کہ جمائما کو بلا رہے ہیں ،شیخ صاحب پرانی باتیں نہ کریں ،شریف برادران نے جمائما پر جھوٹا کیس کیا جو کہ صرف 24سال کی تھی ، رانا ثناء اللہ شکل سے ہی ڈاکو لگتا ہے ، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ نے ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کو مروایا ، نوازشریف شہبازشریف ہم الیکشن میں تمہارا مقابلہ کریں گے ، تمہیں ہرائیں گے اور اڈیالہ جیل میں ڈلوائیں گے ،نوازشریف امپائروں کو ساتھ ملا لو پھر بھی میں تمہیں شکست دوں گا ، ہر کرپٹ سیاستدان نوازشریف کیساتھ کھڑا ہے ، وزیراعظم عوام کے پیسوں پر نوازشریف کو ملنے لندن گئے ۔