اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی طرف سے عمران خان کی نااہلی کیس پر فیصلہ سنا دیا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں اہل قرار دیا جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیا گیا، اس فیصلے پر مختلف سیاسی رہنماؤں کے ردعمل سامنے آ رہے ہیں، اس موقع پر سابق صدر پرویز مشرف بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے کہا کہ میں تحریک
انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جانتا ہوں وہ ایک ایمان دار انسان ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی غلطی تو کر سکتا ہے مگر کرپشن نہیں کر سکتا، سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو ملکی سیاست سے باہر نکال دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدالت سپریم کورٹ کا فیصلہ بالکل صحیح ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور عمران کا موازنہ کرنا ٹھیک نہیں ہے اور نواز شریف کے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی بالکل ٹھیک تھا۔