لاہور(این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ امراض گردہ و جگر کے علاج کیلئے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر(پی کے ایل آئی) کا منصوبہ ’’قائداعظم کا خواب،تعبیر بنا پنجاب‘ ‘کی عملی تفسیر بن کے سامنے آیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ پر 16ارب روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کا خطرہ بتدریج بڑھتا جارہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ افراد اس موذی مرض کا شکار ہیں۔ بدقسمتی سے ملک میں پہلے کوئی ایسا ہسپتال یا انسٹی ٹیوٹ نہیں تھا جو خصوصی طور پر گردہ اور جگر کے امراض کے علاج کی معیاری سہولیات فراہم کرسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہپاٹائٹس اور امراض گردہ کے بروقت علاج کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے50ایکڑ اراضی پر جدید سہولتوں سے آراستہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹرکے قیام کا منصوبہ شروع کیا جو الحمدللہ اب عوام کی خدمت کیلئے تیار ہے۔ ملک محمد احمد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وائرل ہیپاٹائٹس کو متعدی بنانے سے روکنا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا مشن ہے جس کو بامقصد انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر(پی کے ایل آئی) میں ویکسی نیشن اور علاج کی مکمل سہولت موجود ہے۔