راولپنڈی (این این آئی)سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت بلوچستان اور پنجاب میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے 6 دہشت گردوں اور 12 سہولت کاروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات برآمد کر لئے ہیں۔ پیر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف سی بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی کے علاقہ رستم دربار اور کلی دھابہ کے
علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کیا جس کے دوران ٹی ٹی پی کے 6 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پنجاب میں پاکستان رینجرز پنجاب نے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مل کر اٹک، راولپنڈی اور سرگودہا میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کیا جس میں دہشت گردوں کے 12 سہولت کاروں کو حراست میں لے کر ان کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔