اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان لیڈر نہیں‘ آج بھی ایمپائر کی انگلی کے انتظار میں ہیں‘ عمران خان 2023 تک سڑکوں پر ہی رہیں گے‘ بھول
جائیں کہ ان کے نصیب میں اقتدار ہے‘ 28جولائی کا فیصلہ ریاست کے ساتھ زیادتی ہے‘ سیاست دانوں کو سیاست سے کوئی باہر نہیں نکال سکتا‘ میں وہ کپتان ہوں جس نے سرحدوں کی حفاظت کی‘ میں نے جوانی میں سرحدوں کی حفاظت کی اور عمران خان نے جوانی میں مزے کئے۔ پیر کو کیپٹن (ر) صفدر نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں عدالتیں‘ الیکشن کمیشن ان کے ماتحت ہیں عمران خان اس نظام کو ہلا رہے ہیں عمران خان لیڈر نہیں آج بھی ایمپائر کے انتظار میں ہیں۔ صحافی نے کیپٹن (ر) صفدر سے سوال کیا کہ عمران خان کا تھرڈ ایمپائر کون ہے؟ کیپٹن (ر) صفدر نے جواب دیا کہ عمران خان کا ایمپائر ریٹائرڈ ہے۔ عدالتوں میں سب کو پیش ہونا چاہئے میں وہ کپتان ہوں جس نے سرحدوں کی حفاظت کی میں نے جوانی میں سرحدوں کی حفاظت کی عمران خان نے مزے کئے۔ عمران خان بھول جائیں کہ ان کے نصیب میں اقتدار ہے۔ عمران خان 2023 تک سڑکوں پر ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسے نااہل شخص کہا گیا اس نے وقت سے پہلے بحرانوں پر قابو پایا۔ 28 جولائی کا فیصلہ ریاست کے ساتھ زیادتی ہے سیاستدانوں کو سیاست سے کوئی باہر نہیں نکال سکتا۔ پاکستان کی ترقی اور جمہوری نظام کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔