پاکپتن (آئی این پی) کسان اتحاد نے صوبائی حکومت کی طرف سے مطالبات کی منظور ی کے بعد عملدرآمد نہ ہونے پر 10 دسمبر کو پنجاب کی سڑکوں کو جام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بارے کسان اتحاد پنجاب کے صدر چودھری رضوان اقبال نے بتایا کہ پاکستان کسان اتحاد نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے کا اعلان کیا تھا جس پر حکومت نے کسانوں کو احتجاج سے روکتے ہوئے مذاکرات کے لئے بلوایا اور مذاکرات کے دوران مطالبات کو تسلیم تو کر
لیا گیا مگر وقت گزرنے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہ ہو سکا جس پر کسان اتحاد نے 10 دسمبر کو پنجاب کے تمام اضلاع میں سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے 30 نومبر کو شوگر ملز کو چلانے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی حکومت اپنی وعدوں پر پورا نہ اتر سکی‘ مطالبات کی منظوری تک پنجاب بھر میں سڑکیں بند رکھیں گے،کسان اپنے حقوق کے حصول کی جنگ لڑتے رہیں گے۔