پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے چار سالہ دور حکومت میں خود اورکابینہ کو احتساب کے لئے پیش کردیا۔ وزیراعلیٰ کی کرسی سے کوئی فائدہ نہیں،اداروں کو بااختیار کرکے نظام کو شفاف کردیا ۔پشاورمیں یوم انسداد بد عنوانی کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ چار سال کی حکومت میں خود اورکابینہ کو احتساب کے لئے پیش کرتا ہوں،وزیراعلیٰ کی کرسی سے کوئی فائدہ نہیں،ایک ٹھیکہ نہیں لیا پورا کاروبار پنجاب میں
کرتا ہوں،اداروں کو بااختیار کرکے نظام کو شفاف کردیا۔خیبرپختونخوا میں پہلے ٹینڈر بازاروں میں بکتے تھے۔کرپشن ڈنڈے سے نہیں بلکہ نظام کو بہتر کرنے سے ختم ہوگی۔وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس نے کرپشن کی ہے اسے ڈھونڈیں اور چمڑی اتاریں۔بے گناہ کو سزا نہیں ملنی چاہیے شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے۔پرویز خٹک نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے رواں سال میں ایک سو انیس کیسز پکڑے۔تین سو تیس ملزمان گرفتار کیے جن میں ایک سو چالیس سرکاری اہلکار تھے۔