اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بلدیہ ٹاؤن فیکٹری آتشزدگی کے مرکزی کردار حماد صدیقی کو متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے سپرد کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں پاکستان کو مطلوب متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حماد صدیقی کو متحدہ عرب امارات نے پاکستانی خفیہ ادارے کے حوالے کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد صدیقی کی پاکستان کو حوالگی انٹیلی تعاون کی بدولت ہوئی ہے۔ جس طرح عزیر بلوچ کو پاکستان کے حوالے کیا گیا تھا بالکل
اسی طرح حماد صدیقی کو بھی پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما حماد صدیقی پاکستان پہنچ چکے ہیں اور انہیں مناسب وقت پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بلدیہ ٹاؤن کراچی میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث دو سو سے زائد افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئی تھیں، اس آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ آگ لگائی گئی تھی اور اس میں مرکزی کردار ایم کیو ایم کے حماد صدیقی کا تھا۔