اسلام آباد(سی پی پی )وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنے سیاسی فائدے کے لیے اسمبلیاں چند ماہ پہلے بھی تحلیل کر سکتے ہیں مگر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ صوبوں میں اپنی حکومتیں ختم کرسکیں،آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کو تباہ کردیا جو حالت پیپلزپارٹی کی ہے اس پر فاتحہ پڑھنی چاہیے ،ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن سیاسی درجہ حرارت ہے کہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ حالات سے فائدہ اٹھانا پڑا تو اپنے سیاسی فائدے کے لیے اسمبلیاں چند ماہ پہلے بھی تحلیل کر سکتے ہیں لیکن ابھی ایسا کچھ طے نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں یہ سکت نہیں ہے کہ وہ کے پی یا سندھ کی حکومت ختم کر سکیں۔(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ آصف علی زدرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا ہے ۔اس کا جو حشر کیا ہے ، وہ اس کا جشن منا
رہے تھے، پیپلز پارٹی کی جو حالت کر دی ہے، اس پر فاتحہ پڑھنی چاہیے۔یہاں وہ حال ہی میں پیپلز پارٹی کے 50ویں یوم تاسیس کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کے رقص کا حوالہ دے رہے تھے، جس کی ویڈیو منظرعام پر آنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اور پیپلز پارٹی سندھ میں استعفے نہیں دیں گی ،ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر اسمبلیوں سے استعفے دیئے گئے تو یہ بڑا مایوس کن اقدام ہو گا۔