اسلام آباد/لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ٗسابق وزیراعظم نوازشریف نے امریکہ کا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق فیصلہ کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کا فیصلہ اقوا م متحدہ کی قرار دادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور فلسطینیوں کے زخمو ں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ٗاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان معاملے پر ہنگامی مشاورت کریں۔جمعرات کو ایک بیان میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ
فیصلہ پاکستان سمیت امت مسلمہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،ٹرمپ کا بیان سابق امریکی صدر کی پالیسیوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ عالمی اقدار اور قانون کی حکمرانی کیلئے بڑا دھچکا ہے، انھوں نے کہاکہ لاکھو ں فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل کردیا گیا تھا ٗ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے اسرائیلی اقدام کی کئی بار مذمت کی۔امریکی فیصلہ فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، ترک صدر کی او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تائید کرتا ہوں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان معاملے پر ہنگامی مشاورت کریں۔