اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی میڈیا کے متنازعہ اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت پر تاحیات پابندی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستانی میڈیا کے متنازعہ اینکر ڈاکٹر
عامر لیاقت پر تاحیات پابندی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی ہے۔ درخواست محمد عباس نامی شہری نے ایڈوکیٹ شعیب رزاق کے توسط سے دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ نام نہاد عالم میڈیا کے ذریعے کئی سالوں سے مذہبی اور معاشرتی منافرت پھیلا رہا ہے،عامر لیاقت کے پاس اسلامی تعلیمات کی کوئی ڈگری نہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عامر لیاقت ذہنی طو ر پر بیمار ہیں جن کے کے فتوئوں کے باعث کئی لوگوں کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہوئے جس کا اعتراف کرتے ہوئے وہ ٹی وی پر سر عام معافی مانگ چکے ہیں۔درخواست میں پیمرا اورپی ٹی اے کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عامر لیاقت نے متعدد مرتبہ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، مگر پیمرا اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عامر لیاقت کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تاحیات پابندی عائد کرنے سمیت پی ٹی اے کو سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کے تمام اکائونٹس بند کرنے کا حکم جاری کرے۔