اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کے اندر اور باہرصوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے استعفے کے لیے آوازیں بلند ہوتی جا رہی ہیں۔اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی طارق محمود نے را نا ثنا اللہ کے استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں خود مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو قادیانیوں کے حق میں بیان دئیے جانے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
حکومتی ارکان بھی اس حساس معاملے میں رانا ثنا اللہ کے مخالف نظر آتے ہیں ۔اسی سلسلے میں متعدد اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے پیر حمید الدین سیالوی کے پاس جمع کروا رکھے ہیں ۔ان حالات میں ایک اور ن لیگی ایم پی اے نے بھی رانا ثنا اللہ کے مستعفی نہ ہونے پر استعفیٰ دینے کی دھمکی دے دی۔مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی پی 113 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی میاں طارق محمود نے عید میلادالنبیؐ کیلئے نکالی جانے والی ریلی کے دوران جامع مسجد عیدگاہ ڈنگہ کے امام مولانا طاہر رضا سے وعدہ کیا کہ اگر پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ 3 دسمبر تک مستعفی نہ ہوئے تو وہ نشست سے استعفیٰ دے دیں گے۔واضح رہے زاہد حامد کے استعفیٰ کے بعد رانا ثنا اللہ پر استعفیٰ کیلئے دبائو میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔