لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق ) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قومی حکومت ہی موجودہ بحران کا حل ہے، کٹھ پتلی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستان کو اس وقت جن اندرونی اور بیرونی چیلنجوں اور خطرات کا سامنا ہے
ان سے نمٹنے کی صلاحیت موجودہ حکومت کے پاس نہیں ہے، نوازشریف کی نااہلی کے بعد کٹھ پتلی حکومت اپنا اخلاقی جواز کھو چکی ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ختم نبوت دھرنا کے شرکا پر بدترین تشدد نوازشریف کے کہنے پر ہوا ہے لہٰذا وہی ان افراد کے قاتل ہیں جو آپریشن میں شہید ہوئے ہیں، نوازشریف اپنے آپ کو بچانے کیلئے ملک میں افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں اور وزیراعظم اور وزراء کے ساتھ ان کے روز روز کے مشاورتی اجلاسوں کا ایجنڈا یہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدنیتی کا ثبوت یہ بھی ہے کہ وہ عدلیہ کے بعد اب فوج کوبھی اس بحران میں گھسیٹنا چاہتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیرداخلہ احسن اقبال کا ختم نبوت دھرنا کو بھارت سے جوڑنا انتہائی شرمناک ہے، نریندر مودی سے بھائی چارہ تو نوازشریف کا ہے جو کشمیر میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی لاشیں آنے پر نریندر مودی کو ساڑھیوں کے تحفے بھیجتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ نے عاشقان رسولﷺ پر بھارت سے گٹھ جوڑ کر الزام لگا کر پوری پاکستانی قوم کی توہین کی ہے۔