کوئٹہ/نوکنڈی (آئی این پی)اسموگ سے چھٹکارے کے لیے اچھی خبر ،بارش کا سسٹم بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں داخل ہوگیا ، نوکنڈی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوگئی، پاک ایران سرحدی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش سے طغیانی آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کوبارش کا سسٹم بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں داخل ہو نےسے نوکنڈی کے علاقے میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی۔گزشتہ رات پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار
بارش ہو ئی جہاں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بارش سے پاک ایران سرحدی پہاڑی علاقوں میں طغیانی آگئی، بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہو نے سےسردی مزید بڑھ گئی۔علاوہ ازیں نوشکی اور آس پاس کے علاقوں میں برسات سے موسم سردہوگیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، کوئٹہ سمیت بلوچستان، خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہو گی ۔