واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے معاملات میں خواتین اہم کردار ادا کررہی ہیں‘ پاکستانی حکومت نے خواتین کے حقوق کی حفاظت کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں‘ پاکستانی افواج کے سرحدی علاقوں پر موثر آپریشنز کے باعث دہشت گرد تنظیموں کے
خاتمے میں بہت مدد ملی ہے۔ جمعہ کو پاکستان کے رنگ کے نام سے پاکستان ہائوس واشنگٹن میں تقریب منعقد کی گئی۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے تقریب میں شرکاء کے اعزاز میں لنچ کا اہتمام کیا۔ مسز ناجیہ احمد نے مہمانوں کا استقبال کیا اور ان سے پاکستان سے متعلق دلچسپ اعداد و شمار شیئر کئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پاکستان کی ترقی اور معاشرے کی بہتری کے لئے بے مثال خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ مسز پارہ طارق جیلانی نے شرکاء کو پاکستانی خواتین کی مثبت خدمات پر روشنی ڈالی۔ مختلف سپیکرز کے اظہار خیال کرنے کے بعد سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے معاملات میں خاص طور پر پاکستانی خواتین اہم کردار ادا کررہی ہیں پاکستانی حکومت نے خواتین کے حقوق کی حفاظت کیلئے کئی مثبت اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کے موثر آپریشنز کے باعث سرحدی علاقوں میں دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے میں بہت مدد ملی ہے۔ سفیر اعزاز چوہدری نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔