سکردو(این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں جمہوری اقدار کا فروغ اور جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے-گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس تسلسل کے ساتھ ہونے چاہئیں-مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے علاقے کی سماجی و معاشی
ترقی کیلئے حقیقی معنوں میں کام کیاہے مسلم لیگ( ن) واحد جماعت ہے جو کام شروع کرتی ہے تو اسے پایہ تکمیل تک بھی پہنچاتی ہے-ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کے دوران کیا-وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے وسیع مواقع ہیں-سی پیک اسی علاقے سے گزررہی ہے-یہ علاقہ سی پیک سے بے پناہ استفادہ کرسکتا ہے-سی پیک ایسا منصوبہ ہے جس کے فوائد صدیوں تک ملیں گے-انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے گلگت بلتستان منفرد حیثیت کا حامل ہے-گلگت بلتستان کے لوگوں پاکستان سے مثالی محبت کرتے ہیں-مسلم لیگ( ن) پہلی حکومت ہے جس نے دیامر بھاشا ڈیم پر عملاً کام شروع کرایا-ہماری حکومت کی اولین ترجیح ملکی تعمیر و ترقی ہے-وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے-