ملک وال(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی میں بطور سیاسی کارکن کام جاری رکھوں گا اور پارٹی سے الگ ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی جنرل سیکرٹری شپ سے استعفیٰ دینے والے ندیم افضل چن نے آن لائن سے گفتگو
کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ چھوٹے بھائی سابق رکن صوبائی اسمبلی وسیم افضل چن کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد پارٹی عہدہ پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں رہا اس لئے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے مگر پارٹی ورکر کے طور پر میں ہمیشہ پیپلز پارٹی کے لئے کام کروں گا اور پارٹی سے الگ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے استعفیٰ واپس لینے کے لئے کہا ہے مگر میں نے واپس لینے سے معذرت کر لی ہے یاد رہے انہوں نے عملی سیاست کا آغاز بلدیاتی سیاست سے کیا اور 2001 میں تحصیل ناظم ملکوال منتخب ہوئے جبکہ2008 کے عام انتخابات میں حلقہ ۱ین اے 64 سرگودھا سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور کچھ عرصہ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی بھی رہے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کے سیاسی مشیر بھی رہ چکے ہیں ندیم افضل چن کے بھائی وسیم افضل چن ، ماموں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل اور سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی میجر (ر) ذوالفقار علی گوندل پہلے ہی تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں۔