اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کو خوشحال اور محفوظ ملک بنانا ہے‘ لیاقت علی خان کے دور میں ہی پاک چین دوستی کی بنیاد رکھی گئی ‘ لیاقت علی خان قائد اعظم محمد علی جناح کے بااعتماد دوست اور ساتھی تھے‘ لیاقت
علی خان نے ملک کے پہلے وزیراعظم کے طور پر خدمات سرانجام دیں، ہم لیاقت علی خان کی مسلمانوں کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہید ملت لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شہید ملت کی مسلمانوں کے لئے گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہید ملت نے تحریک پاکستان کے دوران مسلمانوں کے لئے خدمات انجام دیں۔ شہید ملت نے بعد میں ملک کے پہلے وزیراعظم کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ لیاقت علی خان قائد اعظم محمد علی جناح کے بااعتماد دوست اور ساتھی تھے۔ قائد اعظم کے انتقال کے بعد شہید ملت نے ریاست کے استحکام میں کردار ادا کیا۔ شہید ملت کے دور میں ہی چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کی بنیاد رکھی گئی۔ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح‘ علامہ اقبال اور شہید ملت کے نقش قدم پر چلنے کا اعادہ کرنا
ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی کے لئے بے لوث اور انتھک کام کرنا ہوگا ہمیں بانیان پاکستان کے ویژن کے مطابق پاکستان کو خوشحال اور محفوظ ملک بنانا ہے۔