اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اپنی تیسری اہلیہ تہمینہ درانی کی طرف نواز شریف کی ریلی کے موقع پر کیے گئے متنازعہ ٹوئٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ایک مہینہ گزرنے کے باوجود اپنی تیسری بیوی تہمینہ درانی کے گھر نہیں گئے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی کے
حوالے سے تہمینہ درانی کی طرف سے کیے گئے متنازعہ ٹوئٹس سے اظہار لاتعلقی کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ نے یہ ٹوئٹس اپنی مرضی سے کیے ہیں اور ان کا شہباز شریف سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی شہباز اپنی اہلیہ کے گھر گئے، تہمینہ درانی نے اپنے کیے گئے ٹوئٹس کے متعلق کہا کہ ان ٹوئٹس کے پس منظر میں میاں شہباز شریف کی محبت تھی۔ یاد رہے کہ تہمینہ درانی نے میاں نواز شریف کی جی ٹی روڈ کی ریلی کے دوران اپنے ٹوئٹس میں کہا تھا کہ یہ ایک غیر سنجیدہ فیصلہ ہے جس کے نتائج شہباز شریف کو بھگتنا پڑیں گے، تہمینہ درانی نے مزید اپنے ٹوئٹس میں لکھا تھا کہ میاں نواز شریف کو عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے وزارتِ عظمیٰ شہباز شریف کے حوالے کر دینی چاہیے تھی۔ تہمینہ درانی کے ان ٹوئٹس کی وجہ سے دونوں بھائیوں کے خاندانوں میں اختلافات پیدا ہو گئے تھے، اس دوران شہباز شریف کی خاموشی کے باعث میاں نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنا دیا۔ واضح رہے کہ تہمینہ درانی کے ان تنقیدی بیانات کی وجہ سے شہباز شریف کو خاندان میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شریف خاندان کے بڑوں کی طرف سے شہباز شریف سے اس حوالے سے شکایات کی گئیں جس پر انہوں نے اپنی اہلیہ کے بیانات سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔