لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی میں اختلافات ختم کرانے کے لئے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیا ،اختلافات ختم کرانے کے ساتھ ساتھ آئندہ انتخابی ٹکٹوں پر بھی اتفاق رائے کاعمل شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹوں اور دیگر
مسائل پر پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث بعض شہروں میں پارٹی رہنما کھل کر ایک دوسرے کی مخالفت کر رہے ہیں جس پر عمران خان کو پارٹی کے سینئرز کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی ۔اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے پارٹی قیادت نے اختلافات ختم کرانے کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں عمران خان نے ریجنل صدور کو اختلافات ختم کرانے کا ٹاسک دیدیا ہے۔ مصالحتی مشن کا جہلم اور راولپنڈی سے آغاز کیا گیا ہے۔ جہلم میں دو جلسے کرنے اور دو دھڑوں کے آمنے سامنے آنے پر تنظیم ختم کر دی گئی ہے۔ ریجنل صدر دونوں دھڑوں کو بٹھا کر تنظیمی امور اور ٹکٹوں پر اتفاق رائے کریں گے۔ اگلے مرحلے میں سیالکوٹ میں ڈار برادران اور فردوس عاشق اعوان میں اختلاف ختم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت اختلافات والے دیگر اضلاع میں بھی مصالحتی مشن سرانجام دیا جائے گا۔ دھڑوں میں اختلافات ختم کرانے کے ساتھ ساتھ آئندہ انتخابی ٹکٹوں پر بھی اتفاق رائے کاعمل شروع کیا جائے گا۔