لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت عالیہ کے مسٹر جسٹس امیر بھٹی کے روبرو درخواست گزار تاج دین کے وکیل میاں اسلم نے موقف اپنایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود سڑک کے تعمیر کے لئے حاصل کی جانے والی زمین کے متبادل اراضی فراہم نہیں کی جارہی، عدالتی حکم کو دس برسوں سے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے
جبکہ توہین عدالت کی تین درخواستوں پر بھی متعلقہ محکمے کی بیوروکریسی نے کان نہیں دھرے۔ تاہم مسلسل دوسری بار عدالتی احکامات کے باوجود چیف سیکرٹری کے پیش نہ ہونے پر فاضل عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالتیں قانون کے مطابق چلتی ہیں کسی کے بنیادی حقوق غضب کرنے اور امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ڑ) زاہد سعید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔