کراچی(این این آئی)حکومت کی عدم توجہ کے سبب ماضی میں اربوں روپے کمانے والی پاکستان اسٹیل ملز لاوارث ہوگئی ہے۔اسٹیل ملز میںچیف ایگزیکٹو آفیسر ہے نہ مستقل چیف فنانشل آفیسر ہے،اسٹیل ملز کے تمام ڈائریکٹرزکی نشست بھی خالی ہیں اور12ہزار ملازمین 4 ماہ کی تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔اس ضمن میںپاکستان اسٹیل لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری ظفر خان نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملزمشکل ترین دور سے گزر رہی ہے۔
حکومت کی عدم توجہ کے سبب ملازمین 4 ماہ سے تنخواہوں کے منتظر ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ساڑے چار ہزار ریٹائرڈ ملازمین بھی اپنے تمام واجبات کے منتظر ہیں ۔ ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔ گیس کی فراہمی بند ہونے سے 27 ماہ سے اسٹیل مل کی پیداوار مکمل منجمد ہے ۔ظفر خان نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل میں ابھی کوئی بھی اہم افسر ہی تعینات نہیں ہے ۔ پاکستان اسٹیل لیبر یونین نے وزیر اعظم سے فوری طور پر تنخواہوں اوراسٹیل ملز کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔