کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سائٹ ایریا میں واقع چپل کی فیکٹری میں لگنے والی آگ کو 11 گھنٹے گزرجانے کے باوجود بجھایا نہیں جاسکا ۔ آگ بجھانے کے دوران 3 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔سائٹ کے علاقے میں واقع چپل بنانے کی فیکٹری میں گزشتہ رات 8:30 بجے قریب آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ۔آگ پر قابو پانے میں ناکامی اور اس کی شدت میں اضافے کے بعد آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائربریگیڈ
کو طلب کرلیا گیا۔اس دوران 3 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔عمارت کی پیچیدہ ساخت کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فیکٹری میں آگ کی شدت کے باعث دیواریں گرنا شروع ہوگئیں اور کچھ دیر بعد فیکٹری منہدم ہوگئی۔فیکٹری میں رکھے کیمیکل ڈرمز وقفے وقفے سے پھٹتے رہے ۔چیف فائر آفیسر کے مطابق فیکٹری کو آگ لگائی گئی ہے۔ فیکٹری حکام کے مطابق فیکٹری میں ملازمین اور اکاونٹنٹ کے درمیان تنخواہ کے معاملے پر جھگڑا ہوا جس کے بعد فیکٹری کی بیسمنٹ میں آگ لگی تھی۔