اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے سی ڈی اے کو براہ راست غیر ملکی سفیروں سے رابطے سے روک دیا، سینئر انٹیلی جنس افسر کی قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے انصر عزیز سے ملاقات، تحفظات سے آگاہ کر دیا۔ روزنامہ ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی ایس آئی کے ایک سینئر افسر نے میئر اسلام آباد اور قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے انصر عزیز سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایرانی سفیر کے سی ڈی اے دفتر کے دورے اور میئر اسلام آباد سے ملاقات کے
ایک روز بعد ہوئی ہے۔ میئر اسلام آباد نے آئی ایس آئی کے افسر سے ملاقات کی تصدیق کردی اور کہا کہ ملاقات میں سیکیورٹی معاملات پر گفتگو کی گئی ہے۔ ’آئی ایس آئی کے افسر نے مجھے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی سفیر کو براہ راست ڈیل نہ کیا جائے بلکہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت دفتر خارجہ کی ہدایت پر سفیروں کے معاملات دیکھے جائیں ‘۔ سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی سفیرسیکٹر ایف 6 میں ایرانی سفارتخانے کی پراپرٹی کا مسئلہ کے حوالے سے سی ڈی اے دفتر گئے ۔