فتح جنگ (این این آئی)قائد حزب اختلاف رہنما پیپلزپارٹی سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ ہمارا موازنہ تحریک انصاف کیساتھ نہ کیا جائے جو بیک ڈور سے اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔عوام کو بلاول بھٹو کی قیادت چاہئے، 70 سال کے بوڑھے کی نہیں،ہم سیاست اقتدار کیلئے نہیں ،عوام کی خوشحالی کی خاطر کرتے ہیں،نواز شریف 22 کروڑ عوام سے پوچھیں وہی انہیں بتائیں گے انہیں کیوں نکالا گیا؟۔
ہفتہ کو فتح جنگ میں جلسے سے خطا ب کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کے عوام کی آخری امید بلاول بھٹو ہے اورعوام کو بلاول بھٹو کی قیادت چاہیے، 70 سال کے بوڑھے کی نہیں ہمارا آج کاجلسہ پیپلزپارٹی کی پنجاب میں موجودگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موازنہ ان جماعتوں سے نہ کیاجائے جوسازشوں سے حکومتوں میں آتے ہیں،ہمارے ساتھ وہ قوتیں نہیں جو سازشوں سے اقتدار میں آنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ جانتا ہے پی ٹی آئی کیساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے کیونکہ وہ تو پہلے ہی اپنے صوبے خیبر پختونخوا میں اقتدار کھوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار کیلئے سیاست نہیں کرتے عوام کی خوشحالی کی خاطر سیاست کرتے ہیں اورہمارے خون کے ہر قطرے سے آواز آئیگی کہ حکمرانی کا حق صرف عوام کو ہے جبکہ ہمارے ساتھ ایسی کوئی طاقت نہیں جوسازشوں کے ساتھ اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کرپشن کرنے کے باوجود پوچھتے ہیں کہ ان کا قصورکیا ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب! آپ کا قصورکیا ہے وہ ہم سے نہیں 22 کروڑ عوام سے پوچھیں،وہ ہی بتائیں گے کہ آپ کا کیا قصور ہے؟ اور آپ کو کیوں نکالاگیا؟انہوں نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سیاست میں کرپشن کا وائرس آگیاہے لیکن شہید بھٹو کی پارٹی اور وائرس زدہ پارٹی میں فرق ہے۔