لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے وقت آگیاہے پاکستان امریکی امداد کا باب بند کردے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان پر الزام تراشیوں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی میدان میں آگئے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے
اپنے بیان میں کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ اب پاکستان نہایت نرم الفاظ میں یہ کہتے ہوئے کہ ’’ہم آپ کے شکرگزار ہیں‘‘، امریکی امداد کا باب بند کردے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی امداد سے نجات حاصل کی جائے، جس سے عزت نفس مجروح ہو، یہی وہ طریقہ ہے جس سے قوم ہزیمت آمیز طعنہ آرائی سے بچ سکے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کےعوام اپنی قسمت آپ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمیں اپنے آپ پر بھروسہ کرنا ہوگا، یقین ہے عوام اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو حق نہیں کہ وہ بلاجواز پاکستان پر الزامات لگائے، ہمیں اس غربت اور بے توقیری کی حالت سے نکلنے کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی۔یاد رہے کہ افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی بیان کرتے ہوئے پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ کیا تھا جبکہ ساتھ ساتھ پاکستان کو دھمکیاں دے ڈالیں اور کہا اربوں ڈالر دیئے ہیں نتائج چاہئیں، پاکستان کو دہشت گردوں کےٹھکانوں کا صفایا کرنا ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ افغانستان میں ہماراساتھ دینے پر پاکستان کوفائدہ ہوگا، دوسری صورت میں اسے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے، جو افراتفری پھیلاتے ہیں، پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔