اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 2018ء کے آمدہ الیکشن سے پہلے سیاسی رہنماؤں کا سیاسی جماعتیں بدلنے کا سلسلہ جاری ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد سب سے زیادہ سیاسی رہنما تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ
سردار عبدالقیوم جتوئی اور ان کے صاحبزادے داؤد خان جتوئی الیکشن 2018ء سے پہلے پیپلز پارٹی کو الوداع کہتے ہوئی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر داؤد جتوئی مظفر گڑھ سے انتخابات لڑیں گے۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب تنظیم کے ایک عہدیدار نے ایک قومی اخبار کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سردار عبدالقیوم جتوئی اور ان کے بیٹے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، مزید کہا کہ قیوم جتوئی نے بہت پہلے رابطہ کر لیا تھا اور اب بھی تحریک انصاف کی قیادت سے رابطے میں ہیں۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر رضوان عالم نے سردار عبدالقیوم جتوئی اور ان کے صاحبزادے داؤد خان کی تحریک انصاف میں شمولیت بارے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی ہی میں رہیں گے، تحریک انصاف میں شمولیت ہرگز نہیں کر رہے لیکن آنے والا وقت اس چیز کا فیصلہ کرے گا کہ وہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے ہیں یا پھر پیپلز پارٹی میں ہی رہتے ہیں۔