لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے امتحانی پرچے لیک ہونے پر نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میڈکل کالج داخلہ ٹیسٹ کے امتحانی پرچے لیک ہونے پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب سے جاری ایک مراسلے میں انکوائری کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس دعوے کی تحقیقات کروائیں کہ امتحانی پرچے کس طرح آئوٹ ہوئے اور اگر یہ سچ ثابت ہوتا ہے تو اس کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔ شہباز شریف نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں بننے والے انکوائری کمیٹی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 72 گھنٹوں کے اندر اندر معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کروائیں۔