لاہور ( آن لائن) صوبائی دارلحکومت لاہور میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی حکام کی جانب سے لاہور میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان مخالف غیر ملکی دشمن انٹیلی جنس ایجنسیز مصروف مارکیٹوں،
عوامی مقامات اور اہم شخصیات کو نشانہ بنا سکتی ہیں۔ مال روڈ پر اہم سرکاری عمارات اور بڑے ہوٹل بھی دہشت گردوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔جس کے باعث لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں ۔ اس کے ساتھ شہر کے داخلی راستے پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔دریں اثناء لاہور میں آئے روز احتجاج اور دھرنوں کے باعث 4 مقامات کو ریڈ زون قرار دینے کی سمری تیار کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق مال روڑ، جی او آر ون پر دھرنا و مظاہرہ دینے پر پابندی ہو گی۔ جبکہ سی ایم ہاس، سول سیکرٹریٹ کے مقامات بھی ریڈ زون میں شامل ہوں گے، اس پر باقاعدہ عملدرآمد صوبائی کیبنٹ کمیٹی امن وامان کے اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے بعد ہو گا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے تصدیق کی کہ کچھ مقامات کو ریڈ زون قرار دینے کے لئے معاملات زیر غور ہیں۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں