اسلام آباد(این این آئی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس موصول ہوگیا اور وہ 23 اگست کو پیش ہوں گے۔پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا جس کے تحت نیب کو 4 ریفرنسز 6 ہفتوں میں یعنی 8 ستمبر تک دائر کرنا ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق قومی احتساب بیورو نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش ہونے کیلئے 15 اگست کو نوٹس جاری کیا جو انہیں موصول ہوگیا ہے۔
اسحاق ڈار نے وفاقی وزرا زاہد حامد اور انوشے رحمان سے قانونی معاونت حاصل کرکے جواب تیار کرلیا ہے۔دوسری جانب نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد مبینہ اثاثوں کی تفتیش شروع کرتے ہوئے بینکوں کو خط لکھ دیا ہے۔نیب کی جانب سے خط نیب لاہور کے ڈائریکٹر امجد مجید نے لکھا جس میں پنجاب، کراچی اور اسلام آباد کے بینکوں سے 25 اگست تک ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ خط میں اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ، دو بیٹوں اور بہو کا بینک ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔